• news

متعدد وارداتیں: اختر آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے کھاد ڈیلر قتل

`

لاہور+ اختر آباد (نامہ نگاران+ کر ائم رپو رٹر) شہر میں چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میںڈاکوئوں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی وطلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کردیا گیا ادھراختر آباد میں افطار ی سے چند منٹ قبل ڈکیتی مزاحمت پر کھاد ڈیلر کو قتل کردیا گیا، تین موٹر سائیکل سوار ڈاکو دولاکھ رقم لوٹ کرفرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اختر آباد کے نواحی قصبہ راجووال میں پہلے روزہ کی افطاری سے چند منٹ قبل معروف کھاد ڈیلر حاجی عبدالشکور حسب روایت کاروبارسے حاصل شدہ رقم قریبی دوکان میں رکھنے گیا تو اسی دوران تین موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پراس سے دو لاکھ کی رقم چھین لی جس پر مزاحمت کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا تواس کے ساتھیوں نے فائرنگ کر کے کھاد ڈیلر کے پیٹ میں گولیاں مار دیں جس سے وہ موقع پرہی جاںبحق ہوگیا جبکہ ڈاکو قصور کی جانب فرار ہوگئے، پولیس نے ابتدائی شواہدجمع کرکے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا نے کاعمل شروع کردیا۔ ادھر کوٹ لکھپت میں چور گھر کے تالے توڑ کر 10 لاکھ روپے اور دیگر سامان، مانگا منڈی کے علاقے میں 3 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان چوری کر کے فرار ہو گئے۔ ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں شادمان کے علاقے میں 5 لاکھ، ڈیفنس سی کے علاقے میں 35 ہزار، جوہر ٹاؤن میں 40 ہزار، مصطفیٰ ٹاؤن میں 82 ہزار 500، ملت پارک کے علاقے میں 30 ہزار، شفیق آباد کے علاقے میں 20 ہزار، مزنگ کے علاقے میں 25 ہزار روپے نقدی، موبائل فونز، طلائی زیورات و دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہو گئے جبکہ مغلپورہ، گلبرگ، اچھرہ سے کاریں اور جنوبی چھاؤنی، مصری شاہ، گلشن راوی، اقبال ٹاؤن، ساندہ سے موٹرسائیکلیں چوری ہوگئیں۔
ڈاکے

ای پیپر-دی نیشن