سعودی عرب: کرونا پابندیوں کے بغیر پہلا رمضان، رونقیں بحال،شہری خوش
ریاض(اے پی پی + این این آئی)عالمی وبائی مرض کرونا کے باعث سعودی عرب میں دو سال سے معطل رمضان کی روایتی رونقیں بحال ہو گئیں، کرونا پابندیوں کے بغیر سحری، افطار اور تراویح کی معمول کی رونقیں بحال ہونے پر شہریوں اور رہائشیوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے جبکہمسجد الحرام کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران زائرین کی خدمت کیلئے 11 روبوٹ اور 4 ہزارکارکن تعینات کیے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق کرونا پابندیوں کے خاتمے کے فیصلے کا اعلان 22 مارچ کو دو مقدس مساجد کے امور کے جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں حرمین میں اعتکاف کی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ اس کا اطلاق مخصوص معیار کے مطابق کیا جائے گا۔ ادھر سعودی عرب میں عرب ذرائع ابلاغ نے انتظامیہ کے حوالے سے بتایا کہ زائرین کو اطمینان اور محفوظ ماحول میں عبادت کا موقع فراہم کرنے کے لیے انتظامات کیے ہیں، مسجد الحرام کے صحنوں میں 24 گھنٹے نگرانی، صفائی، سیناٹائزنگ اور آمد ورفت کے لیے گالف گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام روزانہ دس مرتبہ صفائی ہوگی، اس مقصد کے لیے چار ہزار سے زیادہ کارکن مامور ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ 30 ہزار لیٹر جراثیم کش مادہ، روزانہ 25 سو لیٹر خوشبویات،35 ہزار لیٹر سینیٹائزر استعمال کیا جائے گا اس کے علاوہ گیارہ سمارٹ ربورٹ مسجد الحرام کی سیناٹائزنگ کریں گے۔
سعودیہ / رونقیں بحال