بلاول سکیورٹی معاملات پر گفتگو سے پہلے مشورہ کر لیا کریں‘علیم خان کی پریس کانفرنس افسوسناک: فواد چودھری
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ ن لیگ کے اکائونٹس سے سپریم کورٹ کے بنچ پر مسلسل تنقیدی حملے ہو رہے ہیں۔ اپوزیشن نے سپریم کورٹ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔ اس کی مزاحمت کرینگے۔ عمران خان نے اگر اپوزیشن کے خلاف احتجاج کی کال دے دی تو انہیں اپنے گھروں میں رہنا مشکل ہو جائے گا، پاکستان کا مفاد اس میں ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری فواد حسین نے کہا کہ اپوزیشن کہہ رہی تھی کہ شہزاد اکبر ملک چھوڑ گئے ہیں۔ شہزاد اکبر آج بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان کے عوام الیکشن کے لئے تیار ہیں، کوئی سیاسی جماعت کبھی بھی الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کرتی لیکن اپوزیشن کی جماعتیں الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہیں۔ ایک ٹویٹ میںچودھری فواد نے کہا ہے کہ شہباز شریف عدلیہ کو بدعنوانی کے مقدمات میں مطلوب ہیں، ان کی ضمانت کی درخواست عدالت میں ہے لیکن وہ وہاں پیش ہونے کی بجائے اسلام آباد میں مٹر گشت کر رہے ہیں۔ ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا علیم خان کی پریس کانفرنس پر سخت افسوس ہوا‘ جب آپ کسی کے قریب رہے ہوں اور اختلافات ہو جائیں تو گفتگو میں تہمتیں آپ کی اپنی عزت کم کرتی ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ علیم خان کے تمام گلے دوسرے سال کے ہیں جب حکومت تھی‘ اس وقت بات ہوتی تو کوئی وزن بھی تھا۔