• news

پی ٹی آئی کا ڈی چوک اور لاہور میں احتجاج 

اسلام آباد+ لاہور+ شیخوپورہ (اپنے سٹاف رپورٹر سے+خبر نگار خصوصی+ نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں پرامن احتجاج کیا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ مبارک ہو آپ لوگوں نے ڈاکوؤں کو شکست دیدی۔ مودی کا جو یار ہے غدار ہے۔ شیریں مزاری نے کہا کہ شہبازشریف نے کہا پاکستانی  قوم بھکاری ہے۔ منحرف ارکان نے اپنا ضمیر بیچا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ لوٹے اور ضمیر فروش گلی محلوں میں ذلیل ہوں گے۔ مراد سعید نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ امریکہ نہیں پاکستانی قوم کرے گی۔ اسد عمر نے کہا کہ لوٹوں نے 15 سے 18 کروڑ میں ضمیر بیچا۔ پاکستانی سفیر کو ایک میٹنگ میں دھمکی دی گئی۔ کہا گیا تھری سٹوجز کامیاب ہو گئے تو سب معاف کر دیا جائے گا۔ دوسری طرف لاہور میں پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کو کبھی غلام نہیں بننے دے گا۔ ڈیزل کو علی امین گنڈا پور نے غرق کر دیا ہے۔  علی زیدی نے کہا کہ عمران خان نے قوم کا پیسہ چوری نہیں کیا۔ علی محمد خان نے کہا کہ ملکی فیصلے امریکہ اور انگلینڈ میں نہیں اسلام آباد میں ہوں گے۔ ہم نے آزادی کی جنگ میں عمران خان کا ساتھ دینا ہے۔ لاہور کے ہوٹل میں متحدہ اپوزیشن کے ارکان کی موجودگی  پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ہوٹل کے باہر احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے کارکن ریلی کی شکل میں ہوٹل کے باہر پہنچے، خواتین مرد کارکنوں کی بڑی تعداد ریلی میں شامل تھی۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شرم کرو حیا کرو کے نعرے لگائے گئے، اپوزیشن ارکان بھی ہوٹل سے باہر آگئے، متحدہ اپوزیشن نے اپنی خواتین ارکان اسمبلی کو کمروں میں بھیج دیا۔ اس دوران ن لیگ کے رہنما خواجہ عمران نذیر کے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات ہوئے جس کے بعد وہ ساتھی ارکان کو ہوٹل کے اندر لے گئے۔ بھوئے آصل سے نامہ نگارکے مطابق عمران خان کی نوجوانوں کو احتجاج کی کال کے پیش نظر ملک خرم شوکت اور عتیق مہرکی قیادت میں پی ٹی آئی تحصیل کوٹ رادھاکشن کے کارکنان نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے مین بازار میں جلوس نکالا جو پاکستانی چوک مین بازار سے ہوتا ہوا واپس پل نہر پر آ کر اختتام پذیر ہوا۔ شیخوپورہ نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاںافضال حیدر کی قیادت میں نشتر روڈ سے عمران خان کے حق اور امریکہ کیخلاف ریلی نکالی گئی جو تھانہ صدر چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی جہاں پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں افضال حیدر نے کہاکہ عمران خان نے پاکستان کی سیاست میںخودداری، حب الوطنی، عوام دوستی اور اسلام پسندی کی جو نئی روایت اور مثال قائم کی ہے وہ آنیوالی نسلوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ عمران خان نے اپنا اقتدار قربان کرکے غیر ملکی سازش کو انکے منطقی انجام کو پہنچا دیا ہے۔ ملک اور پارٹی کے غداروں کا انجام بڑا بھیانک ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن