پرویز الٰہی کو وارننگ ، کل تماشا لگا تو ذمہ دار ہونگے ؛ حمزہ
لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن کے نائب صدر میاں حمزہ شہباز نے کہا ایوان صدر کو آرڈیننس فیکٹری بنے کئی سال ہوگئے، عددی اکثریت کے لحاظ سے قریب ہمارے نمبر 200سے زائد تھے۔ 6 منٹ کے اندر سیشن کو ملتوی کردیا گیا۔ شدید گرمی میں ہم روزہ افطار کرکے چلے گئے۔ چوہدری پرویز الہی نے اپنی موجودگی میں توڑ پھوڑ کروائی۔ نجی ہوٹل میں متحدہ اپوزیشن کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پرویز الہٰی صاحب! آپ کو وارننگ دیتا ہوں، تماشا لگانے کی کوشش ہوئی تو حالات کے ذمہ دار پرویز الٰہی ہونگے، صوبے میں کسان پریشان ہے، لوگوں کو رشوت لیکر لگایا جائے گا تو پھر کون پوچھے گا۔ عمران نیازی! یہ ملک تمھاری ذاتی جاگیر نہیں، عمران نیازی آپ نے پاکستان کے خلاف سازش کی ہے، آپ نے وسیم اکرم پلس کو لگا کر پنجاب کے عوام کیساتھ سازش کی۔ صوبے کی خدمت کیلئے نکلیں گے، مونس الٰہی میرے دوست نہیں رہے۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان پر حملہ کیا گیا، قومی اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر نے آئین کے خلاف رولنگ دی۔ پرویز الہیٰ صاحب! کل اسمبلی میں تماشا لگانے کی کوشش نہ کرنا۔ چودھری سرور نے کہا عثمان بزدار خود رشوت وصول کرتا ہے، مجھے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا کوئی شوق نہیں، عمران خان کی خواہش پر تبادلے کیے گئے، آئین اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے، سننے میں آ رہا ہے پرویز الہٰی تاریخ دہرانا چاہ رہے ہیں، آج پرویزالہٰی نے اپنی نگرانی میں اسمبلی میں توڑ پھوڑ کروائی، شیشے تڑوائے۔ پرویز الہیٰ مقابلہ کریں اور ایوان میں عددی اکثریت دکھا دیں، سازش تو آپ نے پاکستان کے عوام کے ساتھ کی ہے، بیرونی سازش کا راگ الاپ رہے ہیں، چپڑاسیوں کی طرح آئی جیزکے تبادلے کیے گئے۔