• news

پاکستان ، آسٹریلیا واحد ٹی ٹونٹی میچ آج ، کامیابی حاصل کرینگے : امام الحق 

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان واحد ٹی 20 کرکٹ میچ آج کھیلا جائیگا۔ میچ  پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہو گا۔ واحدٹی20 میچ میں قومی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیرقیادت میدان میں اتریگی جبکہ آسٹریلوی ٹیم کو ایرن فنچ لیڈ کریں گے۔دوسری جانب قومی اوپنر امام الحق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں خود پر یقین پاکستان کیلئے کامیابی کا باعث بن گیا۔ورچوئل پریس کانفرنس میں امام الحق نے کہا کہ پہلے میچ میں کینگروز کے ہاتھوں شکست کے بعد میزبان کرکٹرز نے آپس میں بات کی تو سب کا عزم تھا کہ کم بیک کرنا ہے، اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھا اور سیریز جیتنے میں کامیاب ہوگئے، یہی سوچ اور اعتماد آئندہ مقابلوں میں بھی ٹیم کے کام آئیگا۔انہوں نے کہا سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے نیا کچھ نہیں کیا، اپنے نیچرل انداز سے ہی کھیلا، اللہ کا شکر ہے فارم بحال ہوئی اور اس کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ایک سوال پر اوپنر نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو کوئی جواب نہیں دینا چاہتا وہ سب میرے بھائی اور پاکستانی ہیں، تحریک دلانے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میری توجہ کارکردگی اور پاکستان کی کامیابی پر ہوتی ہے اور رہے گی، یہ بات تو طے ہے کہ پاکستان ٹیم کے لیے کھیلیں تو پرفارمنس نہ ہونے پر تنقید ضرور ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کپتان بابر اعظم کے ساتھ شراکت میں میری توجہ اپنی سنچری پر نہیں میچ میں فتح پر توجہ مرکوز تھی۔، بہت خوشی ہے کہ 20 سال بعد پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی ہے اور اس میں میرا بھی کردار رہا۔امام الحق نے کہا کہ پچ اور صورتحال کو دیکھا جائے توے آسٹریلیا کے 210 رنز بھی توقع سے زیادہ تھے۔

ای پیپر-دی نیشن