• news

اتحادیوں سے بلیک میل ہونا پڑتا اپنی اکثریتی حکومت بنائیں گے عمران خان

لاہور/ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)  وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ نہ دینے پر سزا بھگتنا پڑی۔ ضمیر فروشوں کو تاحیات نااہل کرائیں گے۔گورنر ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آپ سب کو الیکشن کی تیاری کرنی ہے، اگلے تین ماہ میں پاکستان میں الیکشن ہو گا۔  ماضی میں غلطیاں ہوئیں، اس کی ہمیں بہت بڑی سزا اٹھانا پڑی، اس بار سوچ سمجھ کر نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیں گے،  جو مشکل وقت ہمارے ساتھ رہے انہیں ٹکٹ دیں گے۔ پاکستان میں بہت بڑی بیرونی سازش ہوئی، ملک کے غدار ان کے ساتھ مل گئے، باہر سے حکومت گرانے کی سازش ہوئی، زیادہ تر لوگوں کو جنہوں نے ان کا ساتھ دیا ان کو علم نہیں تھا سازش کا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں ان لوگوں کو سبق سکھائیں گے، جو بیرونی سازش کا حصہ تھے۔ عوام بیرونی سازش کیخلاف روز مظاہرہ کریں گے، جنہوں نے بیرونی سازش میں شرکت کی وہ سب غدار ہیں، غداروں کے خلاف سپریم کورٹ میں گئے ہیں، لوگوں کو خرید کر حکومت گرانا کون سی جمہوریت ہے، ضمیر فروشوں کے خلاف عدالت میں جائیں گے،  اور تاحیات نااہل کرائیں گے۔  عمران خان کا کہنا تھا کہ ضمیر خرید کو ارکان کو ہوٹل میں بند کیا ہوا ہے۔ جن کا پیسا باہر پڑا ہے وہ غلامی کریں گے، ہم نہیں۔ یہ صرف الیکشن نہیں ہاریں گے بلکہ ان کی سیاسی قبریں بھی بنیں گی۔ جو بیرونی سازش کا حصہ بنیں عوام ان کو سبق سکھائیں گے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی، جس میں نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب اور سیاسی جوڑ توڑ پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم سے ملاقات میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شیخ رشید اور پرویز خٹک، شفقت محمود، فواد چودھری اور حماد اظہر بھی شریک تھے۔ اس کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ ق کے مونس الہٰی اور حسین الہٰی بھی ملاقات میں شریک تھے۔ وزیراعظم کو نمبرگیم سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان سے چوہدری پرویز الہٰی اور چوہدری مونس الہٰی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صوتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ جلد از جلد امیدواروں اور ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق پالیسی بنائی جائے۔ پارٹی کے ساتھ مخلص افراد کو ہی  ٹکٹیں دیں گے۔  اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امیدواروں کی سکروٹنی سخت کی جائے گی۔  اپوزیشن میدان سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے۔ پارٹی کے پرانے ورکرز کو ٹکٹیں دینے کو ترجیح دیں گے۔ مفاداتی اور ضمیر فروشوں کی میری پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ساڑھے تین سالوں میں غلطیوں سے بہت سیکھا۔ اب غلطیوں کو نہیں دہرایا جائے گا۔ اتحادی حکومت میں ہمیشہ بلیک میل ہونا پڑتا ہے۔ اپنے لوگوں کی اکثریت کے  ساتھ حکومت بنائیں گے۔ مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس  میں  شاہ محمود قریشی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر کے پی کے شاہ فرمان، اسد عمر، چوہدری فواد حسین، شفقت محمود، اعظم سواتی، علی زیدی، پرویز خٹک، خسرو بختیار، عامر کیانی شریک تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے صوبائی صدور کو درخواستوں کی وصولی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی اور کہاکہ تحریک انصاف وفاق پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ہے، تحریک انصاف کا ووٹ بنک نہایت تیزی سے بڑھ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کارکنان انتخابات کی تیاری کریں۔ بہترین امیدوار میدان میں اتاریں گے اور بھرپور طریقے سے اقتدار میں لوٹیں گے۔ اجلاس میں امیدواروں کے تعین، ٹکٹوں کی تقسیم اور اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ عمران خان نے کہا لاہور میں غداروں کیخلاف ہر روز احتجاج ہونا چاہئے۔ چاہتے ہیں ہر روز احتجاج سے امریکا کو پیغام جائے ہم زندہ قوم  ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے سیکرٹری خارجہ نے بنی گالا میں ملاقات کی اور مبینہ دھمکی آمیز مراسلے پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم کے سیکرٹری اعظم خان‘ جوائنٹ سیکرٹری فارن سروس اکیڈیمی شعیب سرور بھی موجود تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور سیکرٹری خارجہ میں ملاقات میں سفارتی مراسلے  پر بات چیت کی گئی۔ دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خارجہ کسی اور کام سے وزیراعظم کے پاس گئے تھے۔ ملاقات سفارتی کیبل پر نہیں ہوئی۔ نیوز رپورٹر کے مطابق  وزیراعظم عمران خان سے راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ منتخب عوامی نمائندوں نے وزیر اعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے جاری مختلف حکومتی پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں، آزاد خارجہ پالیسی اور ناموس رسالت و اسلاموفوبیا کیلئے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  وقت ثابت کرے گا کہ عثمان بزدار کی کارکردگی بہترین تھی، میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میری نظر میں ان کا قد بڑھ گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چوہدری پرویزالہی کو پورا یقین دلاتا ہوں  پارٹی  آپ کو کامیاب کروائے گی۔ اس موقع پر وزیراعلی عثمان بزدار نے چوہدری پرویزالہی کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ چوہدری پرویزالہی نے  شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وقت ثابت کرے گا کہ یہ ایک اچھا فیصلہ تھا۔
عمران خان

ای پیپر-دی نیشن