چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ ،فیصل حسین کی آج دبئی روانگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈرمیز راجہ اور بھارتی کرکٹ بورڈ حکام کی غیر رسمی ملاقات رواں ہفتے دبئی میں ہوگی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ سات سے 10 اپریل تک دبئی میں ہورہی ہے جس میں شرکت کیلئے پی سی بی سربراہ رمیز راجہ اور چیف ایگزیکٹیو فیصل حسنین آج دبئی روانہ ہوں گے۔ پہلے چیف ایگزیکٹیو میٹنگ ہوگی جس میں مختلف امور کا جائزہ لیا جائیگا۔ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی ، فنانس اور دیگر کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے۔ذرائع کے مطابق بورڈ میٹنگ میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ آئی سی سی کو پاک آسٹریلیا سیریز کے انعقاد پر خصوصی رپورٹ دیں گے۔اجلاس کی سائیڈ لائنز پر چیئرمین پی سی بی مختلف بورڈ سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں وہ چار ملکی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا مجوزہ پلان بھی دوسرے بورڈز حکام کیساتھ شیئر کریں گے۔ کرونا کے باعث گزشتہ دو برس زیادہ تر آن لائن میٹنگز ہوئیں.اب تمام بورڈ ممبران دبئی پہنچ کر اس میٹنگ کا حصہ بن رہے ہیں۔