پنجاب اسمبلی کے باہر تحریک انصاف کا لوٹوں کے خلاف مظاہرہ، شہباز گل نعرے لگواتے رہے
لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب اسمبلی کے باہر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لوٹوں کے خلاف مظاہرہ کیا گیا اور نعرے بازی کی گئی۔ شہباز گل کارکنان کے ساتھ مل کر نعرے لگاتے رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چیرنگ کراس پر احتجاج کی کا ل دی گئی تھی۔ جس پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اکٹھے ہو کر شدید احتجاج کیا اور لوٹوں کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ ن لیگ کے خلاف بھی نعرے لگائے گئے۔ مظاہرے کی قیادت شہباز گل اور مسرت جمشید چیمہ نے کی۔ اس موقعہ پر کارکنوں نے امریکہ کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔ دریں اثناء شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ضمیر فروشوں کے خلاف آواز اٹھائی ہے، ن لیگ کو چھانگا مانگا کی عادت پڑی ہوئی ہے۔ کیلبری کوئین کہہ رہی ہیں کہ خط جعلی ہے میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ خط قطری خط نہیں ہے بلکہ اصلی خط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں ادھار کی سیاست کر رہی ہے۔ ان کے ٹکٹ کی کیا حیثیت ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے 4 ٹکٹوں پر اپنا ضمیر بیچ دیا۔ آپ ابھی بھی بچے جمورے ہیں۔ کیفے ٹیریا سے چائے تھوڑی منگوانی ہے جو آپ نے چٹ لکھ کر بھیج دی کہ اجلاس بلائیں۔ پنجاب اسمبلی کے اندر کوئی نہیں جائے گا۔ فرح بی بی تو دور کی بات آپ عثمان بزدار، میری یا کسی اور وزیر کی کرپشن کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔ دوست محمد مزاری کو بھی کوئی پیکج چاہیے تھا تو ہم سے مانگ لیتے، اب ن لیگ سے پیکج لیا ہے تو ہمیں برا تو لگے گا۔
لوٹوں کے خلاف مظاہرہ