• news

امریکہ نے حکومت ہٹانے کیلئے کلسٹر بم گرایا‘ پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں احتجاجی جلسہ

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے زیراہتمام ایف نائن پارک میں احتجاجی جلسے میں پارٹی قائدین نے خطاب کیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی جلسے کے پنڈال میں موجود رہیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی سندھ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ ڈالر ان کیلئے کاغذ کا ٹکڑا ہے۔ وہ خود ڈالرچھاپتے ہیں۔ امریکہ نے پاکستان میں حکومت گرانے کے لئے کلسٹر بم گرایا ہے۔ نواز شریف کارگل پر امریکہ کے سامنے جھکے۔ دنیا عمران خان کی قدر کرے گی۔ سابق ایم این اے راجہ خرم نواز نے کہا کہ سب جانتے ہیں اپوزیشن جماعتوں نے کس طرح پاکستان کو لوٹا۔ میرا لیڈر عمران خان آج اسلامی دنیاکا لیڈر ہے۔ وہ پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد رکھنا چاہتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا جاتا ہے کہ کیا دوبارہ امریکہ کو اڈے دیں گے لیکن ہمارے لیڈر کا جواب تھا ایبسولیوٹلی ناٹ ہوتا ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم امریکہ سے تصادم چاہتے ہیں بلکہ ہم آزاد خارجہ پالیسی چاہتے تھے۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ اگر امت مسلمہ میں کوئی لیڈر شپ ہے تو وہ آپکا عمران خان ہے۔ پی ڈی ایم والے کہتے ہیں لاک ڈائون کرو جیسے مودی نے کیا ہے۔ آپ کا وزیراعظم کہتا ہے میں نہیں کروں گا، اﷲ ان کی سن لیتا ہے۔ یہ کہتے ہیں پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی ہوگئی عوام کے پاس واپس جائو اور عوامی فیصلہ لے کر آئو۔ فرخ حبیب نے کہا کہ یہاں جمع ہونے کا مقصد برائی کے خلاف اور اچھائی کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ عمران خان نے بار بار ایک بات دہرائی ہے نہ خود جھکوں گا نہ اپنی قوم کو کسی کے آگے جھکنے دوں گا۔
اسلام آباد جلسہ

ای پیپر-دی نیشن