اندرونی معاملات میں مداخلت ملکی سلامتی پر حملہ ہے: صفدر شاہ گیلانی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امریکہ کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ملکی سلامتی و خود مختاری پر حملہ ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا جوعناصر اس گھنائونے کھیل کے سہولت کار ہیں، انہیں ملکی سلامتی کی پاسداری کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی نے مرکزی دفتر میں صوبائی جنرل سیکریٹری مرزا تجمل بیگ کی زیر قیادت علما کے ایک نمائندہ وفد سے خصوصی ملاقات میں کیا ۔وفد میں مفتی محمد اشرف، علامہ یاسر مجددی پیر شفیق اللہ بدری قاری ارشد القادری پروفیسر قاری زوار حسین مہروی مولانا ضیاء المصطفیٰ سیالوی شامل تھے ۔ سید صفدر شاہ گیلانی نے کہا کہ اسلام اور پاکستان سے وفاداری کا تقاضا ہے کہ پوری قوم اور تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین متحد ہوکراس عالمی استعماری سازش کو ناکام بنائیں کیونکہ ایسے حالات میں داخلی انتشار پاکستان کی سالمیت کیلئے خطرناک ثابت ھو سکتا ھے اپوزیشن اور حکومت پاکستان کی جغرافیائی ونظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لئے پاکستان دشمن قوتوں کے خلاف ایک مشترکہ بیانیہ تیار کریں ۔