عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن کی حکمت عملی طے‘ منحرفین سے ووٹ نہ ڈالوانے کا فیصلہ
اسلام آباد (نامہ نگار) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپوزیشن متحرک ہو گئی ہے۔ اپوزیشن اتحاد کی طرف سے ایک بار پھر تحریک عدم اعتماد کیلئے اپنے ارکان کی تعداد کو پورا کر لیا گیا ہے جوکہ منحرف ارکان کو شامل کرکے 199بنتی ہے۔ اپوزیشن اتحاد نے اپنے ارکان کی تعداد پوری ہونے پر اطمنان کا اظہار کیا ہے۔ رات گئے اسلام آبادمیں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائشگاہ پر ہونے والے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان‘ بلاول بھٹو زرداری سمیت اپوزیشن کی اہم قیادت نے شرکت کی جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے حکمت عملی طے کی گئی۔ اپوزیشن ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن منحرف ارکان کو رائے شماری کے لیے استعمال نہیں کرے گی۔ تاہم اگر وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو ساتھ ہی سپیکر کی جانب سے اپوزیشن کو نئے وزیر اعظم کے انتخاب کی دعوت دی جائے گی جس کے لیے منحرف ارکان بھی ووٹ ڈالیں گے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ممکنہ طور پر آج جمعہ کو بھی بلایا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن ذرائع نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے مزید ارکان نے اپوزیشن سے رابطے کیے ہیں۔ اس طرح اپوزیشن کے نمبرز 200 سے تجاوز کر سکتے ہیں۔