عدم اعتماد مسائل سے نکالنے میں سنگ میل ، مہنگائی کے ستائے عوام کی داد رسی کرنا ہے : شہباز شریف
اسلام آباد (نامہ نگار) شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پاکستان کو مسائل سے نکالنے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ شہباز شریف نے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام کے مطالبے پر پیش کردہ تحریک عدم اعتماد آج انشاء اللہ پاکستان کو مایوسیوں اور مسائل کے اندھیروں سے نکالنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اجتماعی دانش، یک جہتی اور اتفاق رائے کے مرہم کی ضرورت ہے۔ ہم ایک قوم بن کر مسائل کے طوفانوں کا زور توڑیں گے۔ معیشت کو درست سمت استوار کرکے مہنگائی کے ستائے عوام کی داد رسی کرنی ہے‘ روزگار کی فراہمی سے غریبوں کے چولہے پھر سے جلانے ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کے مقام اور تعلقات کو قومی وقار اور مفادات کی بنیاد پر بحال کرنا ہے۔ قیادت کا امتحان ہی مشکل ترین حالات میں ہوتا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان اس امتحان میں سرخرو ہو گا۔