• news

فضل الرحمن کی زرداری‘ بلاول‘ احسن بھون سے ملاقات

اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری اور اکرم درانی بھی موجود تھے۔ رہنمائوں نے سیاسی صورتحال پر مشاورت کی اور عدم اعتماد سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا۔ ملاقات میں قانونی نکات سمیت دیگر امور زیربحث آئے۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف عدم اعتماد پر بھی مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آج کا اجلاس صرف تحریک عدم اعتماد کیلئے ہے۔ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری محمد احسن بھون نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، ملاقات میں سابق وائس چیئرمین پاکستان بار چوہدری محمد رمضان، سینئر قانون دان سینیٹر کامران مرتضی، اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخوا اسمبلی اکرم خان درانی، منظور آفریدی بھی موجود تھے۔ چوہدری احسن بھون نے مولانا فضل الرحمان کو گلدستہ پیش کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے سپریم کورٹ بار کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ احسن بھون  نے کہا کہ مولانا صاحب آپکی جدوجہد رنگ لے آئی ہے، حکومت مخالف تحریک میں جے یو آئی کی قیادت اور کارکنوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وکلا کی جدوجہد بھی اس تحریک میں شامل ہے، نااہل اور نالائق حکمرانوں نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے آئین بحال ہوا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پوری قوم آج یوم تشکر منارہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن