پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی سے استعفوں کا اعلان :متعدد ممبران ، منحرف ارکان کا انکار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے شیخ رشید اور فرخ حبیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تمام اراکین قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ شاہ محمود کو امیدوار نامزد کرنے کا مقصد شہباز شریف کو چیلنج کرنا ہے۔ دوسری طرف قومی اسمبلی سے استعفے دینے کے معاملے پر تحریک انصاف پارلیمانی پارٹی میں اختلافات سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق اراکین کی بڑی تعداد اسمبلی سے مستعفی ہونے کے حق میں نہیں لیکن شیخ رشید اور فواد چوہدری پارٹی کو سیاسی منظر نامے سے آؤٹ کرنے کیلئے متحرک ہیں۔ اراکین کی رائے ہے کہ مستعفی ہوگئے تو نئی حکومت کو اہم تقرریاں اور قانون سازی پر کھل کر کھیلنے کا موقع ملے گا۔ اراکین کا مؤقف ہے کہ اگر ایسا ہوگیا تو تحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا آج بلایا گیا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے اور پہلے مرحلے میں قومی اسمبلی سے استعفے دیے جائیں گے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے منحرف رکن راجہ ریاض نے بھی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ راجہ ریاض کا کہنا تھاکہ قیادت کے استعفے دینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن ہم مستعفی نہیں ہوں گے۔ جو لوگ مستعفی ہوں گے ان نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گروپ کے ارکان کا مستعفی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر مملکت علی محمد خان نے پارٹی کی قومی اسمبلی سے استعفوں کے فیصلے کی مخالفت کر دی۔ اس حوالے سے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ استعفیٰ کسی بھی سیاست دان کا ہتھیار ہوتا ہے لیکن اس وقت قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا مطلب اپوزیشن کو فری ہینڈ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے 95 فیصد ارکان استعفوں کے خلاف ہیں۔