پی ٹی آئی نے ووٹنگ میں حصہ نہ لیکر منحرف ارکان کو محفوظ راستہ دے دیا
اسلام آباد (نامہ نگار) تحریک انصاف نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ میں حصہ نہ لے کر منحرف ارکان اسمبلی کو محفوظ راستہ فراہم کر دیا۔ جس کے بعد اب 20 منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس غیر مئوثر ہونے کا امکان ہے۔ 20 منحرف ممبران قومی اسمبلی کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے ریفرنس آئین کے آرٹیکل 63 اے کے تحت سپیکر اسد قیصر کے حوالے کیا گیا تھا، تاہم اب وہ ریفرنس غیر مئوثر ہونے کا امکان ہے۔ اپوزیشن کی تعداد پوری ہونے پر ایوان میں عدم اعتماد کے خلاف ووٹنگ میں منحرفین کے ووٹ کی ضرورت ہی نہ پڑی اور گزشتہ رات منحرفین نے کسی کو ووٹ نہیں دیا۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 63 اے کا اطلاق 20 منحرف ممبران پر نہیں ہو سکتا۔ پارٹی پالیسی سے اختلاف پر ڈیفیکشن کلاز نہیں لگتی، ڈیفیکشن کلاز کا اطلاق پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے پر ہوتا ہے، جس کا ارتکاب منحرف ممبران نے نہیں کیا۔