شیلنگ سے یوکرائن کا ائرپورٹ تباہ : ہماری 85 تنصیبات کو نقصان پہنچایا ، روس
کیف+ ماسکو (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ یوکرائن میں بولٹاوا کے علاقے اور میرہورڈ فضائی اڈے میں گولہ بارود کے گوداموں کو تباہ کر دیا گیا۔ اسی طرح ایک دن کے اندر یوکرائن کی 85 فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ علاوہ ازیں انتہائی درست نشانے پر مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے گولہ بارود کا گودام تباہ کیا گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے دعویٰٖ کیا کہ روسی افواج نے یوکرائن کے شہر ماریوپول میں سینکڑوں یورپی اجرتی جنگجوئوں کا محاصرہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی بالٹک فلیٹ کمانڈ نے کہا کہ مشقوں میں 1000 فوجیوں اور 60 سے زیادہ فوجی سازوسامان کو شامل کیا گیا۔ ٹین ڈائوننگ سٹریٹ نے اعلان کیا کہ برطانوی وزیر اعظم یوکرینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیف گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بوچا کا دورہ کرنے والے آسٹریا کے چانسلر کارل نیہیمر کے ساتھ پریس کانفرنس میں زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین ہمیشہ بات چیت کو تیار رہا ہے اور اس جنگ کو روکنے کے لیے کسی بھی طریقے کی تلاش میں ہے۔ اس حوالے سے خبر ایجنسی نے شہری انتظامیہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیپرو ائرپورٹ پر ایک اور حملہ ہوا جس کے بعد اب وہاں کچھ نہیں بچا ہے۔ شہری انتظامیہ کے مطابق حملے میں ائرپورٹ اور اطراف کا انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا ہے۔ شہری انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ حملے میں ہونے والے جانی نقصان سے متعلق معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔