• news

قومی ہم آہنگی ، عوامی ریلیف ترجیح ، نواز شریف پر کیسز قانون کے مطابق دیکھیں گے : شہباز شریف 

اسلام آباد (خبر نگار+ خبرنگار خصوصی)  نامزد وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین کے تحفظ کا ساتھ دینے پر نواز شریف، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان کا شکر گزار ہوں۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے زرداری ہاؤس میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آصف علی زرداری‘ بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف نے اتفاق رائے کے ساتھ چلنے کا عزم کا اعادہ کیا۔ تینوں رہنماؤں نے انتخابی اصلاحات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔ شہباز شریف نے آصف علی زرداری‘ بلاول بھٹو زرداری کا تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف نے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن سے بھی انکی رہائش گاہ پر جا کر ملاقات کی۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو، خالد مقبول صدیقی، علی وزیر اور امیر حیدر ہوتی، سول سوسائٹی، میڈیا و سیاسی ورکرز کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ بعدازاں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے ساتھ امن کے خواہاں ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر امن ممکن نہیں۔ قومی ہم آہنگی میری پہلی ترجیح ہے۔ نئی کابینہ کی تشکیل اپوزیشن رہنمائوں کی مشاورت کیساتھ ہوگی۔ کوشش ہوگی کہ ملکی معیشت بہتر کرکے عوام کو ریلیف دے سکیں۔ ملک میں نئے دور کا آغاز کریں گے۔ باہمی احترام کو فروغ دیں گے۔ میاں نوازشریف کے کیسز کے سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ ان کے کیسز قانون کے مطابق دیکھے جائیں گے۔ نواز شریف کب واپس آئیں گے اور ان کے کیسز کا کیا بنے گا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کے کیسز قانون کے مطابق دیکھے جائیں گے۔ قبل ازیں شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے رمضان کے مبارک ماہ میں اس قوم پر اپنی خصوصی رحمتیں نازل فرمائیں۔ الحمد ﷲ‘ وطن عزیز اور پارلیمنٹ کا ایوان آخر شب ایک سنگین بحران سے آزاد ہوا‘ پاکستانی قوم کو ایک نئی سحر اور سحری مبارک ہو‘ اﷲ تعالیٰ‘ پاکستان اور آپ سب کا حامی و ناصر ہو‘ آمین۔ وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف نے گزشتہ روز آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف نے محسن داوڑ سے ملاقات کی اور ان کا تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں بی اے پی (باپ) پارٹی کے وفد‘ بی این پی کے سربراہ اختر مینگل‘ ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول سے بھی الگ الگ ملاقات کر کے گلدستے پیش کئے اور انکی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن