• news

وفاق میں حکومت کو شکست فاش ہوئی، پنجاب میں بھی ان کا یہی مقدر: حمزہ شہباز

لاہور (نیوز رپورٹر) وزارت اعلی پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت کے تاخیری حربے ناکام رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کی 202 سے زائد ارکان اسمبلی کی پارلیمانی طاقت متحد ہے، وفاق میں حکومت کو شکست فاش ہوئی پنجاب میں بھی ان کا یہی مقدر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں متحدہ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر کیا۔ افطار ڈنر میں ن لیگ، پی ٹی آئی ترین گروپ، اسد کھوکھر گروپ اور علیم خان گروپ کے ارکان اسمبلی شریک ہوئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق حمزہ شہباز نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا ایک بھیانک دور سے امید کی طرف کا سفر سب کو مبارک ہو۔ ساڑھے تین سالوں میں قوم کو بدترین حکمرانی، مہنگائی اور غربت کی چکی میں پیس دیا گیا۔ آئین و قانون کی دھجیاں اڑائیں گئیں، آئین شکنی کی گئی اور عام پاکستانیوں کی آنکھوں سے خواب نوچ لئے گئے۔  وزارت اعلیٰ پنجاب کے امیدوارحمزہ شہباز آج اسلام آباد روانہ ہونگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد میں متوقع وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہونگے۔ وہ قومی اسمبلی کے سیشن میں بھی شریک ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن