• news

 سلیکٹڈ کو آئینی،جمہوری طریقے سے گھر بھیجا گیا، شازیہ عطا مری 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی اطلاعات سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے پریس کانفرنس کرتے کہا ہے کہ ہم پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کیونکہ آج ہمیں ایک نالائق، نااہل اور بے حس حکومت سے نجات ملی اور ایک سلیکٹڈ سے نجات مل گئی۔ ملک میں عوام مہنگائی سے تنگ تھے، نوجوان بے روزگار ہیں انہیں کوئی ریلیف نہیں ملا سلیکٹڈ کو آئینی اور جمہوری طریقے سے گھر بھیجا گیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری دو سال سے جدوجہد کر رہے تھے کہ سلیکٹڈ کو آئینی طریقے سے گھر بھیجا جائے اور آج بالآخر کامیابی حاصل ہو گئی۔ان باتوں کا اظہار آج انہوں نے پیپلز پارٹی رہنما فیصل کریم کنڈی و دیگر کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے کیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سلیکٹڈ کے خلاف عوامی مارچ کیا ،پی ٹی آئی نے اقتدار سے چمٹے رہنے کے لیے بہت ڈرامے کیے اور سلیکٹڈ کو جب آئینی طریقے سے ہٹانے کے لیے تحریک عدم اعتماد آئی تو بہت تکلیف ہوئی، پی ٹی آئی نے آئین اور قانون کی خلاف ورزی کی کوشش کی جسے ناکام بنایا گیا ۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی رہنمافیصل کریم کنڈی نے میڈیا کو مخاطب ہوتے کہا کہ پوری قوم کو مبارکباد ہو، اندھیری راتوں سے نکل کر اجالے کی طرف نکلے ہیں سابقہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جو کام کیا سیاہ تاریخ میں لکھا جائے گا اورآئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ کل ٹیم پارلیمنٹ میں موجود تھی مگر کپتان نہیں آیا بھاگ گیا سابق وزیر خارجہ نے لمبی تقریر کی کہ اپنے نمبرز بنا لیں اورسابق وزیر خارجہ جتنی کوشش کر لیں وہ مراد سعید نہیں بن سکتے ہم انتقامی سیاست نہیں کریں گے اور ہم  اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنے کے لیے تیار ہیں جبکہ پی ٹی آئی نے آخری حد تک گند ڈالنے کی کوشش کی اور عمران نیازی کل آخری وقت تک این آر او کی بھیک مانگتا رہاپی ٹی آئی والے کل نہیں آج استعفے دیں ضمنی الیکشن کروائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن