• news

افغانستان اور ایران کیساتھ بارٹر ٹریڈ ،سارک چیمبر کا خیر مقدم 


لاہور( خصوصی رپورٹر)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر افتخار علی ملک نے افغانستان اور ایران کیساتھ بارٹر ٹریڈ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سہ فریقی تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور تینوں پڑوسی مسلم ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ ملے گا۔ گزشتہ روز وقاص انجم کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ علاقائی ریاستوں کیساتھ تجارت کو فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کیساتھ بارٹر ٹریڈ کے تحت درآمدات اور برآمدات کی اجازت دینا پاکستان کا دانشمندانہ فیصلہ ہے۔ اس سے علاقائی تجارتی روابط کو مضبوط بنانے کے علاوہ غیر ملکی زرمبادلہ کی بچت ہو گی اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ حکومت پاکستان نے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے بارٹر ٹریڈ شروع کرنے کیلئے امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2020 ء کے متعلقہ حصے میں ترمیم کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن