شجاعت ، ساتھیوں کا شکریہ : آصف زرداری ، خوشحالی کی طرف جائینگے ، بلاول بھٹو: انتقام نہیں حساب مریم نواز
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+خبر نگار) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیراعظم اور انکی حکومت کے سامنے بہت سے چیلنجز ہیں۔ شہباز شریف کے لئے تمام نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، ہماری کمٹمنٹ پوری ہو گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جمہوری طریقے سے سلیکٹڈ وزیراعظم کو ہٹایا۔ انتخابی اصلاحات، جمہوریت کی بحالی اور سب کے لئے خوشحالی کی طرف جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ انتقام نہیں لیں گے تاہم حساب ضرور لیں گے۔ ایل این جی‘ بلین سونامی ٹری‘ ادویات بڑے سیکنڈلز ہیں۔ تمام سیکنڈلز میں انتقام نہیں حساب ضرور ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ابھی حکومت نہیں سنبھالی ترقی شروع ہو گئی۔ سٹاک مارکیٹ بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ روپے کی قدر میں بہتری آ رہی ہے۔ بزنس کمیونٹی کو اندازہ ہو گیا ملک اب ترقی کرے گا۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ لاہور سے بنی گالہ تک مال گاڑی جو چلتی تھی اس کا حساب ضرور ہوگا۔ اللہ نے 22 کروڑ عوام کی جان نااہل حکومت سے چھڑائی ہے۔ سابق صدر آصف زرداری نے چودھری شجاعت حسین اور دیگر دوستوں کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا ہے۔ صحافی نے آصف علی زرداری سے سوال کیا کہ آج کا دن جمہوریت کیلئے کتنا اہم ہے؟۔ آصف علی زرداری نے جواب دیا کہ چودھری شجاعت حسین سمیت تمام دوستوں کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق نیا نعرہ لگا دیا۔ اپنی پوسٹ میں بلاول بھٹو نے آصف علی زرداری سے متعلق لکھا کہ ’’ایک زرداری سب سے یاری‘‘۔