الیکشن کمشن کو فنڈز کا مسئلہ ، ابتدائی حلقہ بندیاں مئی میں ہونگی ، شیڈول جاری
لاہور، اسلام آباد (نیوز رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لئے قومی اسمبلی وصوبائی اسمبلیوں کے لئے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ آج سے ملک بھر میں کہیں بھی کوئی نیا انتظامی یونٹ نہیں بنایا جائے گا۔ تمام صوبوں کے لئے حلقہ بندی کمیٹیوں کی تشکیل 16اپریل 2022 تک کر دی جائے گی۔ تمام چیف سیکرٹری اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو حلقہ بندی کے کام کے لئے مطلوبہ نقشہ جات ودیگر دستاویزات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ 11اپریل 2022سے 26اپریل 2022تک مطلوبہ نقشہ جات و دیگر دستاویزات کی فراہمی کی جائے گی۔ 20 اپریل 2022 سے 24 اپریل 2022 تک حلقہ بندی کمیٹیوں کی ٹریننگ کی جائے گی جبکہ ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 28 مئی 2022کو کردی جائے گی۔ 29 مئی 2022 سے 28 جون 2022 تک ابتدائی حلقہ بندیوں پر عوام اپنے اعتراضات اور سفارشات الیکشن کمشن کے سامنے پیش کریں گے۔ الیکشن کمشن تمام اعتراضات کی سماعت اور فیصلے یکم جولائی 2022سے 30جولائی 2022تک انجام دے گا۔ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 3اگست 2022کو شائع کی جائے گی۔ ادھر الیکشن کمشن کو صوبہ پنجاب، بلوچستان ، سندھ اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سمیت عام انتخابات میں مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کے لئے مسلسل مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں اور اہم آئینی امور مجوزہ بالا انتخابات کے انعقاد کے لئے متاثر ہورہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ممبران الیکشن کمشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمشن اور دیگر سینئر افسروں نے شرکت کی۔ الیکشن کمشن نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کیاکہ اس طرح سے نہ صرف الیکشن کمشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری میں مشکلات پیدا کی جار ہی ہیں بلکہ معزز عدالت عظمی سپریم کورٹ کے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے 15مارچ 2021اور 25مارچ 2021 کے احکامات کی بھی مکمل خلاف ورزی ہے۔ اس لئے الیکشن کمشن نے فیصلہ کیا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ کو بھی عدالت عظمی کے احکامات کی روشنی میں صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔ کیونکہ اس کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات جو پہلے ہی تاخیر کا شکار ہوچکے ہیں اب مزید ان کے انعقاد میں تاخیرکا خدشہ ہے۔ مزید برآں سیکرٹری الیکشن کمشن کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس سلسلے میں فیڈرل سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ چیف سیکرٹریز سے بھی بات کریں اور جلد از جلد اس معاملے کو حل کریں۔