خیبر پی کے‘ سندھ‘ گلگت بلتستان کے گورنر‘ شاہ فرمان‘ عمران اسماعیل‘ راجہ جلال مستعفی
کراچی+ پشاور+ گلگت (نوائے وقت رپورٹ) گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ راجہ جلال حسین نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس سے قبل ایک بیان میں عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ جیسے ہی شہباز شریف حلف اٹھائیں گے میں استعفیٰ دے دوں گا، نہیں چاہتا ایک لمحے کے لیے بھی شہباز شریف کو سر کہنا پڑے۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میں ان کو وزیراعظم نہیں مانتا ہوں، اپنی شفٹنگ کا عمل شروع کردیا ہے، سامان کی پیکنگ بھی شروع کردی، ایک دو دن میں گورنرہاؤس سے شفٹ ہوجاؤں گا۔ دریں اثناء خیبر پی کے کے گورنر شاہ فرمان مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے استعفے پر دستخط کر دیئے ہیں اور اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے۔