• news

قازق کمانڈر کی صدر علوی ائیر نیول چیفس سے ملاقاتیں دفاعی تجارتی تعاون بڑھانے کا عزم 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ آئی این پی) سربراہ پاک بحریہ سے قازقستان کے فرسٹ ڈپٹی ڈیفنس منسٹر اور چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات ہوئی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق  لیفٹیننٹ جنرل خسینوف مارات رخیمووچ نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا ہے۔ انکی ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات ہوئی۔ باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال‘ علاقائی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی ہے۔ خسینوف مارات رخیمووچ نے خطے کی میری ٹائم سکیورٹی اور استحکام کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل خسینوف صدر عارف علوی سے بھی ملے۔  پاکستان اور قازقستان کا تجارت، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یورینیم کی سمگلنگ، پاکستان میں میزائل فائر کرنا بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کو ظاہر کرتے ہیں، عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے۔ قازقستان کے نائب وزیر دفاع نے کہا پاکستان کی مسلح افواج نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دفاعی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کی خطے کے امن اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ادھر لیفٹیننٹ جنرل خسینوف مارات رخیمووِچ نے سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل خسینوف مارات رخیمووِچ نے پیشہ ورانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی تعریف کی۔ ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
قازق کمانڈر/ ملاقاتیں

ای پیپر-دی نیشن