• news

فوری الیکشن آگے بڑھنے کا واحد راستہ عمران آج پشاور میں جلسہ کرینگے 

پشاور‘ اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں عمران خان آج پشاور میں جلسہ سے خطاب کریں گے۔ جلسہ کیلئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل بھی دے دی گئی ہے، جلسہ کیلئے رنگ روڈ کو آج کنٹینرز لگا کر بند کر دیا جائے گا۔ تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جلسہ کیلئے مختلف مقامات پر بینرز وغیرہ بھی لگا دیئے گئے ہیں۔ سابق وزیراعظم وزیراعلیٰ ہائوس میں اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں بھی کریںگے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ ہم فوری انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ آج میں عشاء کے بعد پشاور میں جلسہ کروں گا۔ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ ہم فوری انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں‘ کیونکہ آگے بڑھنے کا یہی واحد راستہ ہے‘ عوام کو فیصلہ کرنے دیں کہ وہ منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کے ذریعے کس کو وزیراعظم چاہتے ہیں۔ اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ غیر ملکی سازش کے ذریعے حکومت ہٹائے جانے کے بعد میرا آج پہلا جلسہ ہو گا۔ میں چاہتا ہوں کہ ہمارے تمام لوگ جلسے میں آئیں۔ ایک سازش کے ذریعے امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کی گئی، قوم اپنی آزادی اور جمہوریت کی حفاظت  خود کرتی ہے کوئی فوج یا باہر کی قوت نہیں۔ اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ پشاور کے لوگو آج  آپ کے پاس آرہا ہوں، جلسے میں، میں آپ سے یہ ساری باتیں کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں فوری انتخابات کروائے جائیں۔ مزید براں انصاف لائرز فورم کے ذمہ داران نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی  جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان خصوصاً سوشل میڈیا ورکرز کو ہراساں کرنے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ چئیرمین تحریک انصاف نے زیرحراست، ہراسگی کا نشانہ بننے والے کارکنان کو مکمل قانونی معاونت کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے بغیر فلاحی ریاست کا حصول ناممکن ہے۔
عمران

ای پیپر-دی نیشن