مصطفی نواز کھوکھر فیصل کنڈی نے باریش شخص کی دھنائی کردی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)مقامی ہوٹل میںپی ٹی آئی کے حمایتی مہمان کی جانب سے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کو برا بھلا اور نازیبا کلمات کہنے پر جھگڑا ہوا ۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر اور فیصل کریم کنڈی نے مذکورہ شخص کی دھنائی کر دی۔ ذرائع نے بتایا کہ مقامی ہوٹل میں افطار سے قبل پی ٹی آئی کے ایک باریش کارکن کا نور عالم خان ایم این اے کیساتھ آمنا سامنا ہو گیا ۔جو فیصل کریم کنڈی ،سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر ،ندیم افضل چن کے ہمراہ وہاں موجود تھے ۔ مذکورہ شخص نے نور عالم خان کو دیکھ کر انہیں بر ابھلا کہنا شروع کر دیا۔ اور نازیبا الفاظ کا استعما ل بھی کیا ۔ اس کارکن کو سمجھانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ باز نہیں آیا جس پر طیش میںآکر فیصل کریم کنڈی اور سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے اس کی دھنائی کر دی ،جس کی وجہ سے ہال میں سراسیمگی پھیل گئی ،اور ہجوم بن گیا ۔ ہوٹل کے عملے اور اردگرد افرادنے بیچ بچائو کرایا۔ دریں اثنانجی ہوٹل میں بدتمیزی کے معاملے میں تھانہ سیکرٹریٹ میں نور عالم کی جانب سے شہری کیخلاف درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔نور عالم خان نے درخواست میں موقف اپنایا کہ میں اپنے دوستوں کیساتھ ہوٹل میں افطاری کیلئے گیا، میرے ہمراہ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، ندیم افضل چن اور فیصل کریم کنڈی تھے، ایک نامعلوم شخص نے گالم گلوچ شروع کر دی اور جان سے مارنے کی دھمکی دی۔درخواست کے متن کے مطابق ہم نے اسے اگنور کیا اور افطار کیلئے کھانا لینے اٹھے، دوبارہ اس شخص نے گالیاں اور دھمکیاں دینا شروع کر دیں، اس کو سمجھانے کی کوشش کی تو اس نے حملہ کر دیا۔ اس سے پہلے بھی پی ٹی آئی کے کارکنان بدتمیزی کر چکے ہیں۔ شرپسند عناصر کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔اس حوالے سے جب سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر سے باربار فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے میڈیا بات چیت میں کہا کہ افطاری کے لئے بیٹھے تھے اور وہاں ایک شخص نے پشتو زبان میں گالم گلوچ کیا، ہم نے برداشت کیا اور روزہ افطار کیا، اس کے بعد اس کو سمجھانے کے لئے اس کی میز پر گئے، اس نے دوبارہ گالیاں دینی شروع کر دیں۔ پھر وہ ہماری جانب لپکا اس کے بعد وہاں موجود لوگوں نے اس شہری کو دھکے دیئے۔
ہوٹل، جھگڑا