• news

 چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ کا استعفی نہ دینے کا فیصلہ 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق رمیز راجہ بطور چیئرمین پی سی بی کام جاری رکھیں گے، وہ نئی حکومت کی جانب سے پیغام کے منتظر ہیں۔ نئی حکومت کے آنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا اپنی پوزیشن پر قائم رہنا مشکل ہوگیا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے استعفیٰ دینے کے بجائے فیصلہ نئے وزیراعظم شہباز شریف پر چھوڑ دیا ہے۔پی سی بی آئین کے مطابق وزیراعظم بورڈ آف گورنرز میں اپنے دو نمائندے نامزد کرتا ہے جو چیئرمین کے عہدے کیلئے انتخاب میں حصہ لے سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق نئے چیئرمین پی سی بی کیلئے نجم سیٹھی فیورٹ ہیں۔واضح رہے کہ حکومتی تبدیلی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔رمیزراجہ ستمبر2021 سے چیئرمین کے فرائض انجام دیرہے ہیں۔ حکومت کی تبدیلی کے بعد چیئرمین پی سی بی کی تبدیلی کے قومی امکانات ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبر زیرِ گردش تھی کہ ملک میں تبدیلی آنے کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیاں آئیں گی۔عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پی سی بی میں بھی تبدیلیوں کا امکان پیدا ہوگیا تھا۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ عہدے سے الگ ہونے کا ذہن بنا چکے تھے، انہوں نے قریبی دوستوں سے مشاورت بھی مکمل کر لی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ کردیا گیا۔وزیر اعظم کی تبدیلی کے ساتھ ہی پی سی بی پیٹرن انچیف بھی تبدیل ہوگئے۔وزیر اعظم شہباز شریف پی سی بی کے پیٹرن انچیف بن گئے۔پی سی بی ویب سائٹ پر وزیر اعظم شہباز شریف کی تصویر لگا دی گئی۔سابق وزیر اعظم عمران خان کی تصویر کو ویٹ سائٹ سے ہٹا دیا گیا ۔ 

ای پیپر-دی نیشن