• news

پاک فوج کیساتھ اچھے تعلقات ، امید ہے بہتر ہی رہیں گے : پیناگون 

 واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ)  پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکا کے پاکستانی مسلح افواج کے ساتھ ایک صحت مند ملٹری ٹو ملٹری تعلقات ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ یہ تعلقات جاری رہیں گے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ خطے میں پاکستان کے کلیدی کردار اور دہشت گردی کی جنگ میں قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ پاکستانی عوام خود اپنے ملک میں دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں۔ جان کربی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے اس خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنے مفادات کا اشتراک کیا۔ سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے امریکا پر ان کی حکومت گرانے کے الزام سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں پینٹاگون کے ترجمان نے کہا کہ میرے خیال میں آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ہم پاکستان کے اندر ملکی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔  سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنے حامیوں کے بہت بڑے ہجوم کے ہمراہ سڑکوں پر ہونے والے مظاہروں کے پیش نظر پاکستان کی فوج کی مداخلت کی صورت میں امریکا کے تیار ہونے سے متعلق سوال پر جان کربی نے کہا کہ انہیں اس معاملے میں امریکی فوج کا کوئی کردار دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے دوبارہ واضح کرتے ہوئے کہا کہ میں یقینی طور پر پاکستان کی داخلی سیاست پر بات نہیں کروں گا۔ قبل ازیں وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے پاکستان میں وزیراعظم کی تبدیلی پر کہا تھا کہ ایک جمہوری پاکستان امریکی مفادات کیلئے اہم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن