سوشل میڈیا پر فوج کیخلاف مہم مزید 7 ملزم گرفتار‘تعداد 12 ہوگئی
لاہور (نیوز رپورٹر + اپنے نامہ نگار سے) ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ نے سوشل میڈیا پر سکیورٹی اداروں کے خلاف مہم چلانے پر مزید 7 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے ذرائع نے کہا ہے کہ ملک بھر سے مزید 7 ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے بعد ملزموں کی تعداد 12 ہوگئی ہے جبکہ ملزموں کے خلاف 9 مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔ ایف آئی اے اس حوالے سے روزانہ آن لائن میٹنگز میں صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں ٹرینڈ چوتھے نمبر سے بھی نیچے آ گیا۔ گزشتہ روز ملزم شفقت مسعود کو عدالت میں پیش کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف مہم چلانے والے ملزم شفقت مسعود کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایجنسی کے حوالے کر دیا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ملزموں کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ ان ملزمان نے مبینہ طور پر فوج اور آرمی چیف کے خلاف دو لاکھ سے زائد پوسٹ کیں۔ مشترکہ چھاپے مارے گئے۔ پچاس ایسے افراد کے لسٹیں ایف آئی اے کو دی گئیں جو سینکٹروں جعلی اکاؤنٹس آپریٹ کر رہے ہیں۔ ان فیک اکاؤنٹس سے حساس اداروں اور اہم شخصیات کے خلاف سوشل میڈیا پر ٹریولنگ کی گئی۔ بعض اکاؤنٹس بیرون ممالک سے بیٹھ کر آپریٹ کئے جا رہے ہیں۔ شفقت سوشل میڈیا کے 20 اکائونٹ چلا رہا تھا۔ سائبر کرائم ونگ نے چار ہزار ٹرینڈ سیٹر اور یوزرز کے اکائونٹ بند کرنے کے لیے پی ٹی اے کو مراسلہ جاری کردیا ہے، جبکہ سائبر کرائم نے پی ٹی اے کو ان کی تفصیلات اور تصاویر بھی بھجوا دی ہیں۔ جن ملزموں کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا ہے انہیں آج لاہور، اسلام آباد، کراچی اور ملتان کی مقامی عدالتوں میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ لاہور میں ایف آئی اے کے کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر جمیل احمد خاں میو نے رابطہ کرنے پر بتایا ملزم کافی عرصہ سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے، ان کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزموں میں وسیم حفیظ، نصر اقبال، احسان رشید، وقاص احمد اور سعد سرور بھی شامل ہیں۔