بنکوں کی بھی دو دن کی چھٹی ختم کئی دفاتر کے اوقات کار تبدیل
لاہور (کامرس رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر دو چھٹیوں کے خاتمے کے احکام پر بنکوں میں بھی دو دن کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے اور اوقات کار بھی تبدیل کر دئیے گئے ہیں۔ سٹیٹ بنک نے اس ضمن میں سرکلر جاری کر دیا ہے۔ اب سٹیٹ بینک اور تمام بینکس ہفتے میں چھ روز بنک کھلیں گے۔ بنکوں کے اوقات کار تبدیل کر دئیے گئے ہیں۔ پیر تا جمعرات اور ہفتہ صبح 8 بجے سے دوپہر ایک بجے تک بنکاری ہو گی جبکہ جمعہ کوصبح 8 سے دوپہر 12 بجے تک بنک کھلیں گے۔ وفاقی محکموں کی ہفتہ وار دو چھٹیاں ختم کرنے کے بعد ایف بی آر نے نئے اوقات کار جاری کردیئے۔ وزیراعظم کی طرف سے وفاقی محکموں کی ہفتہ وار دوچھٹیاں ختم کرنے کا اطلاق ایف بی آر کے دفاتر پر بھی ہوا ہے۔ رمضان المبارک میں بھی تمام دفاتر ہفتے کے 6 روز کھلیں گے۔ پیر سے جمعرات اور ہفتہ کے روز ایف بی آر کے دفاتر صبح 8سے دوپہر تین بجے تک کھلے رہیں گے- جمعۃ المبارک کے دن دفاتر کے اوقات کار صبح آٹھ سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گے۔