• news

پی ٹی آئی‘ شیریں مزاری منشور کمیٹی‘ فواد اطلاعات کے سربراہ مقرر

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے تنظیمی ڈھانچے میں اہم تعیناتیاںکردی گئیں۔ منشور کمیٹی، شعبہ خواتین، امور نوجوانان اور امور اطلاعات کے ذمہ داران کے ناموں کا اعلان کردیا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری منشور کمیٹی کی سربراہ مقرر کردی گئیں۔ امور اطلاعات کی نگرانی سینئر نائب صدر تحریک انصاف فواد چوہدری کے سپردکر دی گئیں۔ ڈاکٹر شہباز گل چئیرمین تحریک انصاف کے چیف آف سٹاف کے فرائض سرانجام دیں گے۔ کنول شوزب تحریک انصاف شعبہ خواتین کی صدر مقررکر دی گئیں جبکہ عثمان ڈار امور نوجوانان کے فوکل پرسن مقرر کر دئیے گئے۔ ڈاکٹر ارسلان خالد کو چیئرمین سیکرٹریٹ کے سوشل میڈیا کا نگران مقرر کردیا گیا۔ عالیہ حمزہ کو پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی جوائنٹ سیکرٹری کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ قبل ازیں عمران خان نے نعیم الحق مرحوم کو اپنے امور کا نگران مقرر کیا تھا لیکن بعد میں عون چوہدری بھی چیئرمین عمران خان کے روزانہ کے معمولات کے نگران بن گئے۔ ڈاکٹر شہباز گل کو اپنے دور حکومت میں عمران خان نے اپنا معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔ ان کی پرفارمنس سے متاثر ہوکر چیئرمین عمران خان نے انہیں اپنے سیاسی سیکرٹریٹ کا چیف آف سٹاف مقرر کردیا جس کا بدھ کو باضابطہ طور پر اعلان کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن