• news

علیم خان میرے بھائی‘ حمزہ‘ پرویز الٰہی کو شکست نظر آ رہی‘ ناراض رہنما پی ٹی آئی  

 لاہور/ شیخوپورہ (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے نامزد امیدوار حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے اور علیم خان صاحب کے حوالے سے جس جھوٹ کا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے وہ بے بنیاد اور سراسر کسی کے تخیل کی پیداوار ہے۔ علیم خان محترم بھائی اور سینئر سیاستدان ہیں، پنجاب میں واضح شکست دیکھ کر ایسی بے پرکی اڑائی جا رہی ہے۔ تحریک انصاف کے ناراض رہنما عبدالعلیم خان نے کہا کہ پرویز الٰہی صاحب کو اپنی ہار نظر آرہی ہے ان کو پتہ چل چکا ہے کہ شکست ان کا مقدر بن چکی ہے تو وہ بھونڈی حرکتوں پر آگئے ہیں۔ حمزہ کے ساتھ میرا بہت ہی اچھا محبت اور عزت کا رشتہ ہے۔ وہ میر ے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہے۔ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی اورنہ ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الٰہی صاحب کو چاہیے کہ اپنی شکست تسلیم کر لیں۔ الیکشن کے میدان میں آئیں، انہیں ایسی حرکتیں کرنے کی کوئی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ دریں اثناء علیم خان گروپ کے ترجمان سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود ایم پی اے نے کہا ہے کہ جھوٹی خبریں اور پروپیگنڈا مہم پرویز الٰہی کو شکست سے نہیں بچا سکتی۔ علیم خان کا حمزہ شہباز کے ساتھ عزت اور احترام کا رشتہ ہے۔ سوشل میڈیا پر علیم خان اور حمزہ شہباز کی لڑائی کی خبریں بے بنیاد من گھڑت ہیں۔ علیم خان گروپ نے غیر مشروط طور پر حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے میاں خالد محمود نے کہا کہ وفاق کے بعد پنجاب میں بھی پی ٹی آئی شکست سے دوچار ہو رہی ہے۔ پرویز الٰہی کو اپنی واضح شکست نظر آ رہی ہے۔ اس لئے وہ سوشل میڈیا پر بھونڈی حرکتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پرویز الٰہی ایسی حرکتوں کی بجائے الیکشن میں جائیں جعلی ٹویٹ اور بوگس خبروں سے ہمارے گروپ میں انتشار پیدا نہیں ہو سکتا ہم سب متحد ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن