وفاق میں تقرر ‘ 25 بیوروکریٹس شارٹ لسٹ‘ ایڈیشنل ڈی جی سائبر کرائم بابر بخت تبدیل
اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار خصوصی‘ اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ نیوز رپورٹر) وفاقی بیوروکریسی میں اہم تقرریوں اور تبادلوں کیلئے پچیس بیورو کریٹس کے نام شارٹ لسٹ کرلیے گئے، یہ افسران ن لیگ کے ساتھ پنجاب اور وفاق میں کام کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی بیوروکریسی میں اہم تقرریوں اور تبادلوں کا امکان ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم آفس نے پچیس بیورو کریٹس کے نام شارٹ لسٹ کرلیے ہیں۔ یہ افسران ن لیگ کے ساتھ پنجاب اور وفاق میں کام کرچکے ہیں، افسران میں گریڈ22 کے بابر حیات تارڑ، یوسف نسیم کھوکھر اور شوکت علی شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ شارٹ لسٹ ناموں میں گریڈ21 کے نبیل اعوان، محی الدین وانی، امداد اللہ بوسال، حامد یعقوب، راشد لنگڑیال، علی مرتضی، عبداللہ سنبل، ندیم محبوب، جاوید قاضی، سیف انجم، مومن آغا اور افتخار ساہو شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق گریڈ20 کے احسان بھٹہ، احد چیمہ، ساجد ظفر، مجاہد شیردل اور گریڈ19کے عمیر احمد سید، عرفان نواز بھی ان افسران میں شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ن لیگ حکومت بننے پر افسران کو صوبے میں ہی رکھا جائے گا۔ پولیس گروپ کے گریڈ 20 کے افسر ہمایوں بشیر تارڑ کی خدمات وزارت داخلہ کے سپرد کر دی گئیں وہ خیبر پی کے پولیس میں ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔ مسلم لیگ ن کے سابق دور میں ہمایوں بشیر تارڑ سی پی او راولپنڈی تعینات تھے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے سربراہ کو تبدیل کردیاگیا۔ ایڈیشنل ڈی جی سائبر کرائم ایف آئی اے بابر بخت قریشی کا تبادلہ کردیاگیا۔ بابر بخت قریشی کو وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیدیا گیا۔