میرا جرم کیا جو رات کو عدالتیں لگیں ،الیکشن تک احتجاج ہوگا : عمران
پشاور (بیورو رپورٹ) سابق وزیراعظم و چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے موجودہ حکومت کو امریکہ کی مسلط کردہ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا اور ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کے لئے جنگ کا آغاز کردیا ہے۔ جب تک ملک کو غلامی سے آزاد نہیں کرتے آرام سے نہیں بیٹھیں گے، قوم امریکہ کے غلاموں کی غلامی قبول نہیں کرے گی۔ پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم آزادی کیلئے سڑکوں پر نکلیں، امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے، مجھے نکالنے کی سب سے زیادہ خوشی ہندوستان اور اسرائیل میں منائی گئی، میں نے کیا جرم کیا تھا کہ رات 12بجے عدالتیں لگائی گئیں‘ امریکہ نے سازش کرکے بھٹو کو راستے سے ہٹایا‘ ان چورو ں کی حکومت قبول نہیں کرینگے۔ میرا جینا مرنا پاکستان کیساتھ ہے۔ کان کھول کر سن لیں یہ نیا پاکستان ہے۔ شہباز شریف پر 40ارب روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں، جس دن ہم نے کال دی شہبازشریف کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ عمران خان نے کہا کہ جو غیرت مند ہوتا ہے لوگ اسکی عزت کرتے ہیں۔ اعلان کرتا ہوں آج سے حقیقی آزادی کی جنگ شروع کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف تم کسی غلط فہمی میں نہ رہنا ہم تمہارا انتظار کر رہے ہیں۔ جلسے سے خطاب میں کہا کہ شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اتوار کو پاکستان کے ہر شہر میں لوگ باہر نکلے پوری قوم کا شکریہ۔ پاکستانیو ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم آزای چاہتے ہیں یا غلامی چاہتے ہیں۔ ملک پر ڈاکو کو مسلط کردیا۔ شہبازشریف اور اس کا بیٹا ضمانت پر ہیں۔ امپورٹڈ حکومت کو قوم تسلیم نہیں کرے گی۔ ہم کسی بے غیرت حکومت کو نہیں مانتے۔ نوازشریف مجرم، بیٹا مفرور اور بیٹی ضمانت پر ہے۔ پاکستان میں 6 کروڑ موبائل فون ہیں، انہیں استعمال کرنے والوں کے منہ کوئی بند نہیں کرسکتا۔ میں نے آزاد عدلیہ کی خاطر جیل کاٹی ہے۔ جب تک ان سے الیکشن نہیں کرواتے ہم نے مظاہرے کرنے ہیں۔ میں نے آج تک قانون نہیں توڑا، کبھی عوام کو عدلیہ کیخلاف نہیں بھڑکایا۔ علی محمد خان اور قاسم سوری ہمارے ہیرو ہیں۔ ججوں سے پوچھتا ہوں کہ کیا قاسم سوری نے ٹھیک نہیں کہا تھا۔ میں نے کبھی اداروں کیخلاف قوم کو نہیں بھڑکایا۔ سازش کے تحت حکومت ہٹائی گئی۔ کان کھول کر سن لیں یہ نیا پاکستان ہے۔ ان چوروں کی حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔ مشرف نے ان کو این آر او دے کر ظلم کیا۔ اب سارا ٹبر پھر تیاری کئے بیٹھا ہے۔ پھر این آر او لے گا پھر لوٹ مار کرے گا۔ کیا یہ نیوکلیئر پروگرام کی حفاظت کرسکتے ہیں۔ میں کبھی اپنی قوم کو استعمال نہیں ہونے دوں گا۔ نوازشریف کسی غلط فہمی میں نہ رہنا تمہیں این آر او تو نہیں لینے دیں گے۔ بتائو کیوں الیکشن سے ڈرتے ہو۔ شہباز شریف تم کرپٹ آدمی ہو تم غلام ہو۔ میں ٹی وی پر دیکھتا تھا کہ میں جب جلسے کروں گا تو لوگ انڈے ماریں گے، اب دیکھتا ہوں کس کو انڈے پڑتے ہیں۔ اعلان کررہا ہوں آج سے حقیقی جنگ شروع ہے۔