• news

وزیراعظم کا دورہ سندھ، طویل عرصہ بعد وفاق، صوبے میں ہم آہنگی نمایاں

کراچی (نیوز رپورٹر+ کامرس رپورٹر) بحیثیت وزیر اعظم شہباز شریف کے پہلے دورہ کراچی میں سندھ کی عوام نے طویل عرصہ بعد سندھ اور وفاق کے درمیان ہم آہنگی کو واضح طور پر محسوس کیا۔ قبل ازیں اس سے پہلے وفاق اور سندھ کے درمیان رسہ کشی کے سبب وزیر اعظم کی سندھ آمد پر وزیر اعلیٰ کی جانب سے  ایئرپورٹ پر استقبال کا تنازعہ الزامات کا شکار رہتا تھا۔ کبھی اطلاع نہ ملنے کا بہانہ تو کبھی وزیر اعلیٰ کی بیرون شہر یا ملک موجودگی کو جواز بنایا جاتا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں وزیر اعظم کی زیر صدارت میٹنگ نے بھی عوام الناس میں اچھا تاثر چھوڑا ہے۔ وزیر اعظم کے دورہ کراچی میں دو اہم چیزوں پر فوکس کیا گیا حکومت سندھ کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے انہوں نے اہم منصوبوں پر فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ساتھ سرکلر ریلوے کو سی پیک میں شامل کرکے کراچی کے عوام کے دل جیت لئے اس سے کراچی میں ٹریفک کا مسئلہ کسی حد تک حل ہو سکے گا اور اس سے حکومت سندھ کو یہ پیغام دیا کہ پچھلے ساڑھے تین سال سے سابقہ حکومت نے جس طرح کراچی کو نظر انداز کیا اب نئی حکومت کراچی کی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گی دوسری اہم بات یہ تھی کہ وزیراعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات کرکے ان کا اعتماد لیا ان کا حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا انہوں نے ایم کیو ایم کے ساتھ نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے بات چیت کی انہیں بتایا کہ ایم کیو ایم کو سندھ میں گورنرشپ دی جائے گی آئندہ ہفتے تک ایم کیو ایم کے نامزد کردہ رہنما کو گورنر مقرر کردیا جائے گا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ میں ایم کیو ایم کو شامل کیا جائے گا سندھ کابینہ میں شامل کیا جائے گا اور بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم کی شکایات دور کی جائیں گی ان کی یقین دہانیوں سے ایم کیو ایم کی قیادت مطمئن نظر آئی اس طرح وزیر اعظم کا ایک روزہ دورہ کامیاب رہا جس میں حکومت سندھ اور ایم کیو ایم کے ساتھ ان کی بات چیت کامیاب رہی ۔

ای پیپر-دی نیشن