پاکستان اورافغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں کمی
کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان اورافغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں کمی ہوئی۔سٹیٹ بنک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں افغانستان کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 295.86 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 112.86 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں افغانستان کو629.78 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔فروری 2022ء میں افغانستان کو38.22 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئیں جوگزشتہ سال فروری میں 85.67 ملین ڈالرتھیں۔مالی سال 2021ء میں افغانستان کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 983.29 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں افغانستان سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 2.30 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، جولائی سے فروری تک کی مدت میں افغانستان سے 119.32 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں افغانستان سے درآمدات کاحجم 122.07 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا،فروری میں افغانستان سے درآمدات پر13.72 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا، گزشتہ سال فروری میں افغانستان سے درآمدات کاحجم 14.61 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔