پاک افواج‘ سلامتی کے ادارے قومی عظمت کی علامت ہیں: علماء کونسل
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل اور ملک بھر کے علماء و مشائخ نے پاکستان کے سلامتی کے اداروں اور مسلح افواج کے خلاف چلائی جانے والی مہم کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیہ کی مکمل تائید و حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سلامتی کے ادارے پاکستان کی وحدت، اتحاد اور قومی عظمت کی علامت ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج اور سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم چلانے والے پاکستان کے دوست نہیں ہو سکتے۔ ملک بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ صبر و تحمل اور رواداری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی بے بنیاد خبر یا پراپیگنڈہ کے زیر اثر ملک کے اندر انتشار اور فساد کی کوششوں کوکامیاب نہ ہونے دیں۔ پاکستان علماء کونسل اور ملک بھر کے علماء و مشائخ نے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر، تحمل اور رواداری کا مظاہرہ کریں اور ملک کے اندر عدم برداشت کے رویوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، متحدہ جمعیت اہل حدیث کے سربراہ مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، متحدہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد خان لغاری، جمعیت علماء امامیہ کے مولانا غلام اکبر ساقی اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی فوج ، سلامتی کے اداروں اور قوم کے اتحاد سے ہے، ماضی میں بھی پاکستان کی قوم اور فوج کے درمیان غلط فہمیاں اور دوریاں پیدا کرنے کی سازشیں کی گئیں جن کو باہمی اتحاد سے ناکام بنایا گیا۔
علماء کونسل