• news

تینوں جماعتوں نے بادشاہتیں قائم کرلیں مگر قانون کی حکمرانی نہ لاسکیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکٹیبلز نے گزشتہ 74برسوں سے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ ملک میں دھونس، دھاندلی اور دولت کے زور پر الیکشن لڑے جاتے ہیں۔ تینوں بڑی جماعتوں نے اپنی بادشاہتیں قائم کر لیں، لیکن قانون، عدل و احسان کی حکمرانی قائم نہ کر سکے۔ برسہا برس سے یہی کھیل جاری ہے، قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا، ادارے تباہ ہوئے اور عوام کے ارمانوں کا خون کیا گیا۔ ملک پر حکمرانی کے مزے لوٹنے والی تمام سیاسی جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں۔ ثابت ہو گیا کہ چہروں کے بدلنے سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، نظام کو بدلنا ہو گا۔ قوم میں تقسیم خطرناک صور ت حال اختیار کر چکی، سیاسی و جمہوری قوتیں اس کے خاتمہ کے لیے کردار ادا کریں۔ شفاف الیکشن کے لیے انتخابی اصلاحات وقت کی ضرورت، سیاسی جماعتیں الیکٹورل ریفارمز کے لیے آپس میں مذاکرات کا آغاز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثمرباغ دیرپائن میں نوجوانوں کے اعزاز میں دی گئی تقریب افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، صرف وعدے اور دعوے کیے گئے جو پورے نہیں ہوئے۔ کراچی سے چترال تک لوگ پریشان ہیں۔ ایک طرف حکمرانوں کی عیاشیاں ہیں کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں، تو دوسری جانب غریب آدمی دو وقت کے کھانے کے لیے ترس رہا ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے۔ گزشتہ روز بھی چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ نئی حکومت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سب سے پہلے مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دیگر سیاسی جماعتیں جو جمہوریت کا دعویٰ کرتی ہیں، وہ خود جمہوریت کے تصور سے ناآشنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی فرد اور معاشرہ کی اصلاح کے لیے میدان عمل میں ہے۔ رمضان کے مبارک مہینہ میں لوگ اس مقصد کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کریں جس کی خاطر اللہ تعالیٰ نے انہیں اس دنیا میں بھیجا ہے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن