کرونا ملک میں مثبت کیسز کی شرح 0.47فیصد رہ گئی بلوچستان میں صفر
اسلام آباد (خبر نگار+ آئی این پی) کرونا کی پانچویں لہر دم توڑنے لگی۔ ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح صفر اعشاریہ چار سات فیصد ریکارڈ کی گئی۔ این آئی ایچ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران101 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔21 ہزار 284 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 14 لاکھ 87 ہزار 73 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 262 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پنجاب میں13 ہزار 559، سندھ میں 8 ہزار 97، خیبر پختونخوا میں6 ہزار 322، اسلام آباد میں ایک ہزار 23، بلوچستان میں 378، گلگت بلتستان میں 191 اور آزاد کشمیر میں 792 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ صوبہ بلوچستان میں کرونا کیسز کی شرح صفر پر پہنچ گئی، محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔ دوسری جانب عالمی سطح پر کرونا کیسز کی تعداد50 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سسٹمز سائنس اینڈ انجینئرنگ کے مطابق دنیا بھر میں کرونا سے 61لاکھ 83ہزار35 اموات ہو چکیں ہیں جبکہ کروناکیسز کی تعداد 50 کروڑ 74ہزار 490 ہو گئی ہے۔ امریکہ میں کرونا انیس کے 80,456,912 کیسز اوراموات 986,019 ہے جو ان اعداد و شمار کے لحاظ سے دنیا کے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔
کرونا