• news

کئی شہروں میں بجلی و گیس کی گھنٹوں لوڈشیڈنگ سحر و افطار میں مشکلات

قصور + ننکانہ صاحب + کوٹ رادھا کشن + بھوئے آصل (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) قصور سمیت کئی شہروں میں رمضان المبارک کے دوران بجلی اور گیس کی طویل دورانیہ کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ  کا سلسلہ زور پکڑ گیا۔ ایک گھنٹے کے ساتھ ایک گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ جس سے قصور، مصطفیٰ آباد  اور گرد و نواح  میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ وولٹج کی کمی پیشی کی وجہ سے بھی عوام کی قیمتی اشیاء خراب ہو رہی ہیں، شدید گرمی میں روزہ داروں کا برا حال ہو چکا ہے۔ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی ننکانہ صاحب شہر اور اس کے گرد و نواح میں بجلی اور گیس کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شدت اختیار کرگیا ہے۔ شہر میں ہر گھنٹہ کے بعد ایک گھنٹہ جبکہ دیہات میں بمشکل آدھا گھنٹہ بجلی آنے کے بعد مسلسل دو، دو گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے باعث کاروبار بری طرح تباہ ہوکر رہ گئے ہیں بلکہ پانی بھی میسر نہیں۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے لوگوں کو روزہ کی تیاری اور افطاری میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کوٹ رادھاکشن میں سحری و افطار میں غیر اعلانیہ گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن کر دی ہے۔ سحری کے وقت گیس کی بندش سے خواتین شدید پریشانی میں مبتلا ہوجاتی ہیں، سول سوسائٹی کوٹ رادھاکشن نے لیسکو اور سوئی گیس حکام سے شدید احتجاج و فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سیاسی و سماجی شخصیات نے کہا کہ  12سے زائد گھنٹوں تک بجلی کی بندش سے شہری پریشان ہیں۔ صارفین نے حکومت اور حکام سے گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ہے۔قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق  لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے۔ شہری شدید ذہنی کوفت میں مبتلا ہو کر رہ گئے ہیں۔پھلروان چوک سے نا مہ نگارکے مطابق صفدرآباد اور اس کے گرد ونواح میں لوڈشیڈنگ سلسلہ تھم نہ سکا۔ ماہ صیام میں بھی عوام کو بارہ سے چودہ گھنٹے کی بجلی کی بندش کی اذیت اور کوفت سے گزرنا پڑ رہا ہے۔

بجلی‘ گیس لوڈشیڈنگ

ای پیپر-دی نیشن