شمالی وزیرستان : دہشت گردوں سے مقابلہ ، سپاہی شہید ، وزیراعظم کی مذمت
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جوانوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ پر جوابی کارروائی کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 28 سالہ سپاہی عصمت اللہ خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کا علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ایشام میں فورسز پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ارض پاک کا دفاع کرتے ہوئے میانوالی سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ سپاہی عصمت اللہ شہید کو عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء کا لہو پوری قوم پر قرض ہے، ہم اس کی بوند بوند کا حساب لیں گے، اللہ تعالی سپاہی عصمت اللہ سمیت تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔