ڈی جی آئی پی آر کی تائید کرتے ہیں ، جوڈیشل کمشن بننا چاہیے : فواد چودھری ، شاہ محمود
اسلام آباد+ملتان (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت ) سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے تمام چیزیں واضح کر دیں۔ دورہ ماسکو کا فیصلہ تنہا نہیں کیا۔ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت شامل تھی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مراسلے میں پولیٹیکل مداخلت کی تائید کی۔ پریس کانفرنس سے ہمارے مؤقف کو تقویت ملتی ہے۔ مناسب حل کیلئے سپریم کورٹ جوڈیشل کمیشن تشکیل دے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے جو کہا ان کی اس بات کی تائید کرتا ہوں، ہم یہی تو کہہ رہے ہیں کمشن دیکھے گا دھمکی دی گئی یا نہیں، سابق وفاقی وزیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سازش کا معاملہ تھا، یہی تو ہم کہہ رہے ہیں کہ کمشن بنے اسی میں سوالات سارے آئیں گے، ہم یہی تو کہہ رہے ہیں کمشن دیکھے گا دھمکی دی گئی یا نہیں، چیف جسٹس جتنی جلدی ہو کمشن بنا دیں، ججز کو سیاسی معاملات میں نہیں گھسیٹنا چاہیے، چیف جسٹس کے پاس خط ہے اب کمشن بننا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج نے خود کہا سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے، افواج پاکستان کے ساتھ ہمارا گہرا تعلق اور احترام ہے، جو لوگ فوج کے خلاف مہم چلاتے ہیں وہ پاکستانی نہیں ہوسکتے، ہمارا فوج کے لیے احترام برقرار ہے اور رہے گا۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت خود الیکشن کا اعلان کر دے ورنہ آزادی چھین کر لیں گے، پاکستان میں حکومت کون بنائے گا یہ فیصلہ کسی بیرون ملک نے نہیں عوام کے ووٹ سے ہوگا، کل پشاور کا جلسہ تاریخی تھا، عمران خان پاکستانی عوام کی آزادی چھین کر لے گا، ہمیں سلامتی کے بحران کا سامنا ہے جس کا واحد حل الیکشن ہے، وزیراعظم کراچی میں عظیم الشان جلسہ کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج ہمارے استعفے منظور ہوگئے ہیں، میں تمام اراکین کو سلام پیش کرتا ہوں، جلد یہ لوگ دوبارہ آئیں گے، ن لیگ کے ساتھ کوئی بھی سیاسی جماعت آگے بڑھنے کو تیار نہیں، نور عالم گلے میں تختی پہن کر نکلا کریں جس پر لکھا ہو مجھے کوئی لوٹا نہ کہے، پاکستان میں سیاسی بحران کا واحد حل جلدازجلد الیکشن ہے۔