ارکان ہمارے ساتھ‘ انتخابی محاذ پر کامیابی حاصل کریں گے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کا بازار سجانے والی مسلم لیگ ن کو ناکامی ہوگی۔ ہمارے ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، پرویزالٰہی کی زیر صدارت لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ڈویژن کا پارلیمانی اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن قومی اسمبلی حسین الٰہی، ارکان پنجاب اسمبلی راجہ بشارت، چودھری ظہیرالدین، سبطین خان، سید عباس علی شاہ، مراد راس سمیت دیگر ارکان پنجاب اسمبلی نے بھرپور شرکت کی۔ پارلیمانی پارٹی نے چودھری پرویزالٰہی کی کامیابی کیلئے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی سے رابطوں بارے مشاورت کی گئی اور الیکشن ڈے کیلئے گروپس تشکیل دئیے گئے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ن لیگ کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کی پر زور مذمت کی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سولہ اپریل کو ایوان میں ثابت کریں گے کہ اکثریت ہمارے ساتھ ہے۔ انشاء اللہ ہم متحد ہو کر انتخابی محاذ پر کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوامی حقوق کی جنگ لڑی ہے، کامیاب ہو کر دوبارہ اپنی روایات کو جاری رکھیں گے۔ ماضی میں بھی کام کیا آئندہ بھی عوامی خدمت ہی ہماری ترجیح ہو گی۔ عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، کامیاب جلسوں سے مخالفین کی بوکھلاہٹ واضح ہے۔ ارکان پنجاب اسمبلی کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا۔ قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی نے سابق وزراء کے اجلاس کی صدارت کی۔ محمد بشارت راجہ، سبطین خان، میاں اسلم اقبال، مخدوم ہاشم جواں بخت، چودھری ظہیر الدین، ڈاکٹر مراد راس، ڈاکٹر اختر ملک اور ارکان پنجاب اسمبلی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، ہارس ٹریڈنگ کا بازار سجانے والی ن لیگ کو ناکامی ہوگی، تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ متحد ہوکر وزیراعلیٰ کا الیکشن لڑ رہی ہے، غیر جمہوری رویہ اختیار کرنے والوں کا ناکامی مقدر بن کر رہے گی۔