پنجاب 24 منحرفین نے حمزہ شہباز کو تعاون کی یقین دہانی کرا دی
لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چوبیس منحرف اراکین پنجاب اسمبلی نے متحدہ اپوزیشن کے نامزد وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ منحرف اراکین نے کہا کہ حمزہ شہباز کی حمایت کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک تقریب میں پی ٹی آئی کے ناراض ارکان نے متحدہ اپوزیشن کے نامزد وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کو اپنے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس موقع پر ناراض ارکان نے کہا کہ بلیک میل کرنے کیلئے ہمارے خلاف سپیکر آفس میں ریفرنس جمع کرایا گیا، اب پرویز الٰہی کا پیغام آ رہا ہے کہ واپس آ جائیں، کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ناراض ارکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے حمزہ شہباز کی حمایت کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکیا ہے اور ریفرنس کا جواب بھی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بیشتر پی ٹی آئی ارکان نے حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کے بعد مستعفی ہونے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے چند روز قبل 24 ناراض ارکان کیخلاف سپیکر کے پاس ریفرنس جمع کرایا تھا، بتایا جا رہا ہے کہ ان ارکان کا تعلق جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان اور اسد کھوکھر گروپ سے ہے۔مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے الیکشن کے پریزائیڈنگ افسر اور قائم مقام سپیکر دوست مزاری کے نام خط لکھا ہے۔ حمزہ شہباز نے شفاف الیکشن کرانے کے لئے اپنے مطالبات اور تحفظات سے متعلق خط پریزائیڈنگ افسر کو بھجوا دیا۔ اس حوالے سے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ الیکشن کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے میڈیا کو الیکشن والے دن اسمبلی کی کارروائی دیکھنے اور اس کی کوریج کرنے کی اجازت دی جائے۔ خط کے ساتھ لاہور ہائی کورٹ کے آرڈر کو لف کیا گیا ہے، کسی رکن اسمبلی کو اسمبلی جانے، کارروائی میں حصہ لینے اور ووٹ کاسٹ کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ الیکشن والے دن آزاد مبصرین کو الیکشن کی کارروائی دیکھنے کی دعوت دی جائے۔ پلڈاٹ، فافن اور پاکستان کمشن برائے انسانی حقوق کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ خط میں بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بھی الیکشن کے عمل کو دیکھنے کا موقع دیے جانے کا مطالبہ بھی رکھا گیا ہے۔ الیکشن والے دن سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے جائیں اور ارکان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔