ملکی کرکٹ کی بہتری کیلئے پی سی بی میں تبدیلی ضروری ہے:نعمان بٹ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ ملکی کرکٹ کی بہتری کیلئے پی سی بی میں تبدیلی ضروری ہے۔ دو ہزار اٹھارہ سے اب تک کھیل کی بہتری کیلئے کچھ نہیں ہوا۔ بورڈ کے سرمائے سے کرکٹرز کے بجائے آفیشلز کا معاشی مستقبل محفوظ بنانے کی پالیسیاں بنائی گئیں۔ ملک کے طول و عرض میں کھیل کی سرگرمیوں کی بحالی اور پلیئرز کے مسائل حل کرنے کیلئے نجم سیٹھی بہترین آپشن ہیں وہ ایک کامیاب ایڈمنسٹریٹر ہیں انہوں نے اپنے دور میں کھیل کے فروغ کیلئے بہت کام کیا ہے۔ رمیز راجہ جب سے آئے ہیں ریڈ بال کرکٹ کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں جونیئر پی ایس ایل بھی ریڈ بال کرکٹ کو نظر انداز کرنے کی ایک اور مثال ہے اس عمر میں ٹی ٹونٹی کرکٹ نوجوانوں کو بنیادی اور تکنیکی کرکٹ سے دور کر دیگی۔ پی سی بی کے افسران کی اکثریت کھیل کی بنیادی ضروریات سے ناواقف ہے اکثریت "یس باس" میں مصروف رہتی ہے اور بدقسمتی سے فیصلے کرنے والوں کا کوئی وڑن نہیں ہے پہلے احسان مانی اور وسیم خان نے تباہی کی رمیز راجہ بھی دلیرانہ فیصلے کرنے میں ناکام رہے۔ جب ملک بھر میں تبدیلی آ رہی ہے تو پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ کو چاہیے کہ وہ بھی اپنے کپتان کی پیروی کرتے ہوئے گھر جائیں۔ ملکی کرکٹ کی بقا جمہوریت اور جمہوری آئین میں ہے اس کیلئے جمہوریت پسند اور منتخب افراد کو آگے لانا ہو گا۔ غیر جمہوری آئین کے خاتمے سے ہی کھیل کے فروغ پر عائد پابندیوں کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔