• news

اپوزیشن ارکان آج اکٹھے کوچ میں اسمبلی پہنچیں گے، حمزہ نے غیرضروری کالز سے روک دیا

لاہور (نیوز رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز اور متحدہ اپوزیشن نے آج کے اجلاس کیلئے حکمت عملی تیار کرلی۔ متحدہ اپوزیشن کے ارکان ہوٹل سے کوسٹرز میں اکٹھے اسمبلی پہنچیں گے، حمزہ شہباز نے تمام ارکان کو فیملی کے علاوہ غیر ضروری کالز سے روک دیا، متحدہ اپوزیشن کے ارکان کے ہوٹل سے بغیر اطلاع نکلنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں وزیراعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں جہانگیر ترین گروپ، علیم خان گروپ، اسد کھوکھر گروپ، پیپلزپارٹی کے ارکان اور لیگی ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ اپوزیشن نے آج اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے اپنی حکمت عملی بنالی ہے۔ جس کے تحت ارکان کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ میں پچاس ارکان ہوں گے۔ گروپس کی قیادت علیم خان، رانا مشہود، سمیع اللہ خان اور نعمان لنگڑیال کریں گے۔ تمام ارکان وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل مکمل ہونے تک ایوان کے اندر ہی رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن