گرین ٹاؤن ’’آئس‘‘ کے عادی کی فائرنگ : ماں ، باپ، بہن ، بھانجا، سسراور خالہ ساس قتل
لاہور (نامہ نگار) گرین ٹاؤن میں بدبخت نوجوان نے فائرنگ کر کے اپنی ماں، باپ، بہن، بھانجا، سسر اور خالہ ساس کو قتل جبکہ ساس کو شدید زخمی کردیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ملزم کی 55سالہ والدہ آسیہ، 60 سالہ والد غلام حسین ، 32 سالہ بہن راحیلہ، 15 سالہ بھانجا ہمایوں، 62سالہ سسر اسلم اور 50سالہ خالہ ساس شگفتہ شامل ہیں جبکہ ساس رانی بی بی شدید زخمی ہے۔ پولیس نے سفاک ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ تھانہ گرین ٹاؤن کے علاقے پی سی ایس آئی آر سوسائٹی کالج روڈ امیر چوک کا رہائشی شادی شدہ 30سالہ نوجوان عابد آئس نشے کا عادی تھا۔ گزشتہ صبح عابد نے گھر میں فائرنگ کر کے اپنی ماں 55سالہ آسیہ، 60 سالہ والد غلام حسین، 32 سالہ بہن راحیلہ اور بھانجے 15 سالہ ہمایوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جس کے بعد ملزم نے اپنے سسرال باگڑیاں، شیراز ٹائون محلہ جوئیاں والا میں جاکر بھی اندھادھند فائرنگ کر دی۔ جس کی زد میں آکر اس کا سسر 62سالہ اسلم اور خالہ ساس 50سالہ شگفتہ ہلاک جبکہ ساس رانی بی بی شدید زخمی ہو گئی ہے۔ 6 رشتے داروں کو قتل اور ایک کو زخمی کرنے کے بعد ملزم عابد موقع سے اپنی کار پر فرار ہوگیا جبکہ ڈولفن ٹیم نے اطلاع ملنے پر ملزم کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی اور اس کا تعاقب کر کے کالج روڈ سے گرفتار کرلیا اور ملزم کے قبضے سے آلہ قتل رائفل اور گاڑی بھی برآمدکر لی ہے۔ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی ہیں۔ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن عمران کشور، ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز سمیت سینئر پولیس افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم عابد نے کسی وجہ سے طیش میں آکر فائرنگ کی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آئس نشے کے عادی ملزم عابد نے کسی وجہ سے طیش میں آکر اپنے گھر اور سسرال والوں پر فائرنگ کی۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ لوگ میرے بیٹے کو مارتے تھے۔ مزید تفتیش جاری ہے، جلد اصل حقائق سامنے آجائیں گے۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے قائم مقام سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔