وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب ، ہائیکورٹ نے پولنگ روک دی ، پی ٹی آئی سپریم کورٹ پہنچ گئی
مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے انتخاب کے لئے آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے پیر تک پولنگ روک دی۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کر لیا۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 14 ویں وزیراعظم کے انتخاب کے لئے قانون ساز اسمبلی میں تحریک انصاف کے ممبر اسمبلی عبدالماجد خان نے تحریک پیش کی تو تحریک کو روایات کے خلاف قرار دیتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں نے اسے آئندہ کے لئے موخر کرنے پر اصرار کیا، خوب بحث کے ساتھ جہاں اجلاس جاری رہا تو نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے وقفے کے ساتھ ہی سپیکر نے اسمبلی سیکرٹریٹ کو انتخاب کی کارروائی آگے بڑھانے کی رولنگ دی جبکہ اسمبلی سیکرٹریٹ نے شیڈول جاری کر دیا۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں اس معاملے کو لے کر پہلے ہی سے ہائی کورٹ کا رخ کر چکی تھیں تو دوپہر 2 بجے جسٹس شاہد بہار اور سردار اعجاز نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انتخاب کی کارروائی کو پیر تک موخر کرنے کا حکم سنایا۔ پی ٹی آئی کی طرف سے اسمبلی اجلاس پر ہائیکورٹ کے حکم امتناعی کو سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں چیلنج کر دیا گیا، سپریم کورٹ کے جج جسٹس خواجہ نسیم نے حکم امتناعی کے خلاف درخواست پر ابتدائی سماعت کی، ابتدائی سماعت کے بعد آج صبح 10 بجے تک سماعت ملتوی کر دی۔ اپیل کی سماعت فل کورٹ کرے گا۔