• news

پی ٹی آئی، ق لیگ مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس، پرویزالٰہی کی حمایت کا عزم

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ق کے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے نامزد امیدوار چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت دونوں جماعتوں کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں نگران وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار، مونس الٰہی، شفقت محمود، محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیرالدین، ہاشم جواں بخت، سبطین خان، سید عباس علی شاہ، حسین جہانیاں گردیزی، محمود الرشید سمیت دیگر ارکان پنجاب اسمبلی نے بھرپور شرکت کی۔ پارلیمانی پارٹی نے پرویزالٰہی کی کامیابی کیلئے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں الیکشن کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔ پرویزالٰہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گستاخ ڈچ ایم پی گیرٹ ویلڈرز نے اللہ کے آخری نبی حضرت محمدؐ  کی شان میں گستاخی کی جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، دراصل ایسے شخص ہی دہشت گرد ہیں جو انسانیت کے نام پر بدنما دھبہ ہیں، ہم سب تحفظ ناموس رسالت کے ادنیٰ سے سپاہی ہیں، پوری امت مسلمہ اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ختم ہونے پر گستاخ ڈچ ایم پی گیرٹ ویلڈرز کا خوشیاں منانا ثابت کرتا ہے کہ عمران خان سچے عاشق رسول ہیں، اللہ کے فضل و کرم سے اس دور میں پنجاب اسمبلی میں تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے تاریخی کام ہوئے ہیں، ہم ڈچ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس طرح کی گھناؤنی سازشیں بند کرے۔ قبل ازیں پرویزالٰہی سے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں راجہ بشارت، میاں محمود الرشید، چودھری ظہیر الدین، ڈاکٹرمراد راس، راجہ راشد حفیظ اور امتیاز شیخ بھی شریک تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاارکان اسمبلی سے مکمل رابطے میں ہیں، عوام تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن